بھٹکل ،27؍ جون (ایس او نیوز) بھٹکل کی شادی شدہ خاتون کے قتل میں ملزمین کو سیشنس کورٹ سے رہا کیے جانے کے خلاف پولیس نے ہائی کورٹ کی دھارواڑ بینچ میں جو اپیل دائر کی تھی اسے عدالت نے خارج کردیا اور سیشنس کورٹ کے فیصلے کو درست قرار دیا ۔
یاد رہے کہ یہ واردات نومبر 2012 میں پیش آئی تھی جس میں شہر کی کلپنا مہالے نامی ایک خاتون کی لاش ساگر روڈ کونار کے سنسان علاقے میں پائی گئی تھی ۔ اس کے منگل سوتر سمیت زیورات لوٹ لیے جانے کا بھی الزام تھا۔ اس معاملہ میں پولیس نے منڈلّی کے سداشیو ناگپّا نائک اور ناگراج لچھمیّا نائک کو گرفتار کیا تھا۔ 30 گواہوں سے جرح اور جانچ کے بعد کاروار سیشنس کورٹ کے جج وی ایس دھارواڑکر نے 2018 میں ملزمین کو بے قصور پایا تھا اور انہیں اس جرم سے بری کردیا تھا۔
سیشنس کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف پولیس نے ہائی کورٹ کی دھارواڑ بینچ میں اپیل دائر کی تھی۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سماعت کے بعد جسٹس آر دیوراج اور جسٹس جے ایم قاضی نے ملزمین کو جرم سے بری کرنے کے سیشنس کورٹ کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے پولیس کی اپیل خارج کردی ۔